ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ساحلی خبریں / ضمنی انتخابات میں کانگریس کی کامیابیوں کا سلسلہ کرناٹک میں جیت درج کرنے کے ساتھ مزید شدت اختیار کرے گا۔ راجہ سبھارکن سید نصیر حُسین کادعویٰ

ضمنی انتخابات میں کانگریس کی کامیابیوں کا سلسلہ کرناٹک میں جیت درج کرنے کے ساتھ مزید شدت اختیار کرے گا۔ راجہ سبھارکن سید نصیر حُسین کادعویٰ

Sun, 01 Apr 2018 00:57:36    S.O. News Service

بنگلورو،31؍مارچ(ایس او نیوز)  کانگریس کے نو منتخب رکن راجیہ سبھا ڈاکٹر سید نصیر حسین نے کہا کہ   پچھلے چند دنوں سے ملک کی مختلف ریاستوں میں ہونے والے ضمنی انتخابات کے ذریعے کانگریس نے کامیابیوں کا جو سلسلہ شروع کیا ہے وہ کرناٹک کی جیت کے ساتھ مزید  شدت اختیار کرلے گا اخباری کانفرنس منعقد کرتے ہوئے ڈاکٹر سید نصیر حُسین نے کہا کہعنقریب راجستھان اور مدھیہ پردیش  میں ہونے والے اسمبلی انتخابات میں بھی کانگریس اقتدار پر قبضہ کرلے گی اور  کرناٹک اسمبلی کے انتخابی نتائج ملک کی سیاسی روش کو طے کریں گے۔

ڈاکٹر ناصر حسین نے کہاکہ جب سے مرکز میں مودی حکومت اقتدار پر آئی ہے راجستھان ، مغربی بنگال، مدھیہ پردیش اور دیگر ریاستوں میں ہونے والے ضمنی انتخابات میں بی جے پی اور اس کی ہمنوا سیاسی جماعتوں کو منہ کی کھانی پڑی ہے۔ انہوں نے کہاکہ ترقی کے نعرہ کے ساتھ اقتدار پر قبضہ کرنے والے مودی نے ترقی کو نظر انداز کرکے فرقہ پرستانہ ایجنڈا اپنالیا ہے، اور لوگوں میں نفرت عام کرنی شروع کردی ہے۔ انہوں نے کہاکہ اترپردیش میں سماج وادی پارٹی اور بہوجن سماج پارٹی کے مابین اتحاد کے نتیجے میں بی جے پی کو اس کے گڑھ میں شکست کھانی پڑی ہے۔ انہوں نے کہاکہ وزیراعلیٰ سدرامیا کی قیادت والی کرناٹک حکومت نے پچھلے پانچ سال کے دوران عوام کی ترقی کے لئے جو پروگرام دئے ہیں وہی اس ریاست میں کانگریس کی کامیابی کے ضامن بنیں گے۔ مسلمانوں کے نام پر سیاست کرنے والی چھوٹی موٹی جماعتوں کو ووٹ کاٹنے والی سیاسی جماعتیں قرار دیتے ہوئے انہوں نے کہاکہ مسلمانوں کو ان جماعتوں کے اشتعال انگیز پروپگنڈہ سے ہوشیار رہنے کی ضرورت ہے۔ گجرات اور اترپردیش اسمبلی انتخابات میں انہیں سیاسی جماعتوں کی حماقت کی وجہ سے بہت ہی کم فرق سے متعدد سیکولر امیدواروں کو شکست کھانی پڑی۔ اس حقیقت کو ذہن میں رکھتے ہوئے کرناٹک کے مسلمان آنے والے انتخابات میں ووٹ دیں۔ راجیہ سبھا کے لئے انہیں منتخب کرنے پر کانگریس قیادت خاص طور پر صدر کانگریس راہول گاندھی لوک سبھا میں کانگریس پارٹی لیڈر ملیکارجن کھرگے اور اے آئی سی سی جنرل سکریٹری آسکر فرنانڈیز سمیت تمام قائدین کا شکریہ ادا کرتے ہوئے انہوں نے کہاکہ ان قائدین کے ساتھ ریاست کے سرکردہ مسلم قائدین بشمول سی کے جعفر شریف، ڈاکٹر کے رحمن خان ، جناب روشن بیگ اور دیگر نے ان کی کامیابی یقینی بنانے کے لئے جو محنت کی ہے وہ یقیناًمثالی رہی ہے اور اس کے لئے وہ ان تمام کے احسان مند رہیں گے۔ انہوں نے بتایاکہ اپنی سیاسی زندگی کا آغاز انہوں نے طالب علم لیڈر کے طور پر کیا اور وہ واحد مسلم ہیں جنہیں جواہر لال نہرو یونیورسٹی اسٹوڈنٹس یونین کی صدارت پر تین مرتبہ منتخب ہونے کا موقع میسر آیا۔ ناصر حسین نے کہاکہ انہیں راجیہ سبھا کی سیٹ مسلم کوٹہ کے تحت دی گئی ہے۔ اس لئے ان کی یہ ذمہ داری اور فرض ہے کہ ملک کے بالخصوص کرناٹک کے مسلمانوں کی آواز بن کر پارلیمان میں کام کریں ۔ ڈاکٹر ناصر حسین پیر کے روز اپنی راجیہ سبھا رکنیت کا حلف لیں گے۔ 


Share: